بھٹکل 22 جون (ایس او نیوز) گھر کے سامنے ا ور پیچھے ، دونوں دروازوں کو توڑ کر چورے گھر کے اندر داخل ہوتے ہوئے الماریاں توڑ کر سونے کے زیورات اور نقد رقم سمیت ایک موبائل پر ہاتھ صاف کرنے کی واردات آزاد نگرکے کوگتی میں پیش آئی ہے۔
جناب ارشاد احمد گنگاولی کی ملکیت والے اس مکان میں تین لوگ رہتے ہیں، ارشاد صاحب کسی کام سے ممبئی کے لئے روانہ ہوئے تو بدھ شام قریب پانچ بجے ان کی اہلیہ گھر کو لاک کرکے اپنے بچے کو ساتھ لے کر اپنی ماں کے گھر چلی گئی، آج جمعرات صبح جب واپس گھر پہنچی تو پتہ چلا کہ چور وں نے گھر کا نقشہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ارشاد کے بھائی انجم گنگاولی ندوی نے بتایا کہ رات کے کسی پہر میں چور گھر کے دونوں دروازوں کو توڑتے ہوئے گھر کے اندر داخل ہوئے ہیں، پھر گھر پر موجود تینوں الماریوں کو بھی توڑ کر زیورات اور نقد رقم پر ہاتھ صاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قریب سوالاکھ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات اور قریب سوالاکھ روپیہ نقد چوری ہوئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ایک موبائل بھی الماری میں رکھا ہوا تھا وہ بھی غائب ہے۔ صبح گھر پہنچتے ہی پتہ چل گیا کہ چور گھر کو نشانہ بناچکے ہیں، کیونکہ دروازے کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ گھر کا پورا سامان بکھرا پڑا تھا۔ گھر سے مزید چیزیں بھی چوری ہونے کا شبہ ہے، ارشاد صاحب ممبئی سے واپس لوٹنے کے بعد ہی مکمل معلومات مل سکتی ہے۔
اطلاع ملنے پر بھٹکل پی ایس آئی کوڈگُنٹی اپنے عملہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور جائزہ لیتے ہوئے ضروری معلومات حاصل کیں ہیں۔